وزیر اعظم کا عالمی سطح پر تیل کی کم ہوتی قیمتوں کا فائدہ عوام کو دینے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ بھی دیا۔
پیر کو وزیراعظم کی زیرصدارت میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات پہلے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے بتائے گئے، اسی طرح موجودہ بڑی کمی کے ثمرات بھی عوام تک پہنچائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے اصلاحات پر توجہ دی جا رہی ہے، آنے والے مہینوں میں بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے بجلی کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی ہے، میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس سرگرم ہے، بحری معیشت میں جمود کے خاتمے کے لیے اصلاحات پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی معیشت سمندری وسائل اور ان تک رسائی سے منسلک ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ بندرگاہوں کو مسابقتی بنانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظرثانی کی جائے، سرخ اور پیلے چینلز میں کسٹم کلیئرنس کے عمل کو تیز کیا جائے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید 2 سے 3 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے گزشتہ دنوں بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت 7.15 روپے کمائی گئی ہے جبکہ کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 8.58 روپے کمی کی گئی ہے۔






