اہم خبریںتازہ تریندنیا

تھائی لینڈ میں المناک ٹرین حادثہ، 22 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

تھائی لینڈ میں بدھ کی صبح ایک افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ بنکاک سے ملک کے شمال مشرقی صوبے کی جانب جانے والی ایک مسافر ٹرین کو پیش آیا جو ناکھون راچاسیما صوبے کے ضلع سکھیو میں پٹری سے اتر گئی۔

یہ مقام دارالحکومت بنکاک سے تقریباً 230 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ مقامی پولیس چیف تھاچاپون چنناوونگ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے میں 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 30 سے زیادہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین تھائی لینڈ کے صوبے اوبون راچاتھانی جا رہی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت ریلوے ٹریک کے قریب ایک ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر تعمیراتی کام جاری تھا، اسی دوران ایک کرین اچانک چلتی ہوئی ٹرین کے ایک ڈبے پر آ گری۔ کرین کے ٹکرانے سے ٹرین پٹری سے اتر گئی اور کچھ دیر کے لیے آگ بھی بھڑک اٹھی۔

حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امدادی ٹیمیں ملبہ کاٹ کر زخمی مسافروں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ پولیس کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کرین گرنے کی اصل وجہ کیا تھی اور آیا حفاظتی اقدامات میں کوئی غفلت برتی گئی یا نہیں۔ تھائی حکام نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button