عمران خان کی رہائی کیلئے جو کرنا پڑا وہ کریں گے کوئی ہمیں نہیں روک سکتا، علیمہ خان
راولپنڈی کے علاقے فیکٹری ناکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عوام بانی پی ٹی آئی کے بارے میں سننا چاہتے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے جو بھی کرنا پڑا، کیا جائے گا، کوئی ہمیں نہیں روک سکتا۔
علیمہ خان نے کہا کہ سہیل آفریدی نئی سیاست کی علامت اور پاکستان کا مستقبل ہیں، جبکہ پرانی سیاست کو نوجوان نسل نے دفن کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی جنریشن کو متحرک دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے کراچی سے متعلق تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا کہ کراچی میں خوف ہے، ایک دھوکا تھا۔ ان کے مطابق کراچی میں لوگ پرامن ہیں، یہی وجہ ہے کہ سہیل آفریدی نے بغیر کسی خوف کے عوام میں وقت گزارا اور کراچی کے خوف کے بت توڑ کر آئے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے دلیر نوجوان پاکستان کے مستقبل کے سیاستدان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی چیئرمین ہیں اور ان کے پیغامات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر موجود ہیں، جنہیں عوام پڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورا پاکستان اس وقت سیاسی شعور رکھتا ہے اور ہر شہری جاننا چاہتا ہے کہ ججز اور سیاستدان کون ہیں اور وہ ملک کے لیے کیا کر رہے ہیں۔ ان کے بقول نیا پاکستان بن چکا ہے اور اب عوام فیصلہ کرتے ہیں کہ ملک کس سمت میں جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) پر تنقید کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان جماعتوں کا نظام کمپنیوں جیسا ہے جن کی شیئر ہولڈنگ ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ہدایات موصول ہوتی رہتی ہیں، جن میں پارٹی رہنماؤں کو پیغامات دینا یا عوام کے سامنے بیان جاری کرنا شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں پیشی کے دوران بھی خفیہ ادارے کے اہلکار موجود تھے۔
صحافی کے سوال پر کہ آیا انہوں نے وزیراعلیٰ کی تبدیلی میں کردار ادا کیا، علیمہ خان نے کہا کہ انہیں کس نے بتایا کہ انہوں نے ایسا کروایا۔
آخر میں علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے آخری پیغام میں سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کی تیاری کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت عوام کا نام ہے اور اگر میڈیا بانی پی ٹی آئی کا نام نہیں لے گا تو عوام بھی اسے نہیں دیکھیں گے۔






