کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ سامنے آگیا
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ پبلک کرتے ہوئے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے دوران موصول ہونے والے تحائف کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق اس عرصے میں تمام سرکاری شخصیات نے موصول ہونے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تحائف وصول کرنے والوں میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ، مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکریٹری اقتصادی امور، سیکریٹری آئی ٹی، صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو بھی تحائف موصول ہوئے۔
کابینہ ڈویژن کے ڈیٹا کے مطابق اس سہ ماہی کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں روضۂ رسول ﷺ، خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹس، تلوار، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپ، یادگاریں، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائیز شامل ہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران موصول ہونے والے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جب کہ کابینہ ڈویژن ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کے عمل میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ جاری کردہ فہرست میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جب کہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی (جنوری تا جون 2025) کی فہرست میں تحائف دینے والی ملکی و غیر ملکی شخصیات کے نام بھی درج تھے۔






