شہر میں شدید سردی، درجہ حرارت 7 ڈگری ریکارڈ، ملک بھر میں سرد لہر برقرار
شہر میں موسم شدید سرد ہو گیا ہے اور درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، تاہم ایک ہفتے بعد موسم میں معمولی تبدیلی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سرد لہر نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں اور شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
سکردو میں درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ آزاد کشمیر کی وادی لیح میں پارہ منفی 13 اور استور میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج گلگت، بلتستان اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، خصوصاً بالائی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔






