اہم خبریںتازہ تریندنیا

مانچسٹر میں ہولناک ٹریفک حادثہ، تین پاکستانی نوجوانوں سمیت چار افراد جاں بحق، پانچ زخمی

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ٹیکسی اور کار کے درمیان ہونے والے ایک شدید ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین پاکستانی نوجوانوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ مانچسٹر کے ایک مصروف علاقے میں پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹیکسی اور کار آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی نوجوان شامل ہیں جن کی شناخت دانیال علی، محمد مختار اور فرحان پٹیل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں نوجوانوں کی عمریں 18 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔ حادثے میں ٹیکسی ڈرائیور بھی جانبر نہ ہو سکا، جس کی شناخت 50 سالہ مسروب علی کے نام سے کی گئی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تیز رفتاری، لاپرواہی یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

حادثے کے بعد علاقے میں کچھ وقت کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔ واقعے پر مقامی پاکستانی کمیونٹی میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی جاں بحق افراد کے لیے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button