کرایوں میں کمی:معروف ائیر لائن نے بڑا اعلان کردیا
پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خوشخبری ہے کہ عالمی ایئرلائن ایمریٹس نے محدود مدت کے لیے خصوصی پروموشن کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت منتخب فضائی ٹکٹوں پر 10 فیصد تک رعایت حاصل کی جا سکتی ہے۔ رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو بکنگ کے وقت پرومو کوڈ PKSCP25 استعمال کرنا ہوگا۔
ایمریٹس کے مطابق اس مہم کا مقصد آنے والے دنوں میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پریمیم سفر کو زیادہ قابلِ برداشت بنانا اور ایئرلائن کے سرکاری چینلز کے ذریعے پیشگی بکنگ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ یہ رعایت صرف مخصوص روٹس اور کرایوں پر لاگو ہوگی، جبکہ تمام تفصیلات اور شرائط ایمریٹس کی خصوصی کیمپین ویب پیج پر دستیاب ہیں۔
مزید سہولت کے طور پر اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے کریڈٹ کارڈ ہولڈرز اپنے ٹکٹ کی رقم کو 12 ماہ تک کی آسان اقساط میں تبدیل کر سکتے ہیں، وہ بھی صفر فیصد مارک اپ پر۔ البتہ یہ سہولت کارڈ کی اہلیت، بینک کی شرائط اور دیگر قواعد و ضوابط سے مشروط ہوگی۔ ایئرلائن حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ بکنگ سے قبل تمام شرائط کو بغور پڑھیں، کیونکہ یہ آفر ہر روٹ یا کرایے پر لاگو نہیں ہوگی۔
ادھر ایک اور اہم پیش رفت میں ایمریٹس اپنے پریمیئم اکانومی پراڈکٹ کے دائرہ کار کو وسیع کر رہی ہے، جس میں کراچی بھی شامل ہے۔ رپورٹس کے مطابق یکم مارچ سے دبئی–کراچی کی روزانہ پرواز EK606/607 اپ گریڈ شدہ بوئنگ 777-200LR طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی، جس میں جدید کیبن، بہتر نشستیں اور پریمیئم اکانومی کلاس شامل ہوگی۔
ایمریٹس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دنیا کے مختلف بین الاقوامی روٹس پر ریفریشڈ طیاروں کی تعیناتی کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد مسافروں کو بہتر اور آرام دہ سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔






