برطانیہ میں شدید سردی، برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ہزاروں افراد اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔
ملک کے بیشتر حصوں میں محکمہ موسمیات کی جانب سے یلو وارننگ نافذ ہے، جب کہ اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ میں آج کے لیے بھی اسی نوعیت کی وارننگ برقرار رکھی گئی ہے۔ خراب موسمی حالات کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں اور ٹرانسپورٹ سروسز میں بھی خلل کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 کاؤنٹیز میں 11 انچ تک برف باری کا امکان ہے، جس سے سڑکوں پر پھسلن اور سفری مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 جنوری کو پورے برطانیہ میں موسمِ سرما کی شدت مزید بڑھ جائے گی، جبکہ سب سے زیادہ برف باری وسطی اور شمالی اسکاٹ لینڈ میں متوقع ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔





