پاک بحریہ کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ
پاک بحریہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں ایک جامع بحری مشق کے دوران زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدلتی ہوئی بحری جنگی حکمتِ عملی کے تقاضوں کے پیش نظر اس مشق میں روایتی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں کو کامیابی سے آزمایا گیا۔
مشق کے دوران پاکستان نیوی نے جدید فضائی دفاعی نظام کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمودی لانچنگ سسٹم سے ایل وائی–80 (این) زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب لائیو فائر کیا۔ توسیع شدہ فاصلے سے فائر کیے گئے میزائل نے فضائی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا، جس سے پاکستان نیوی کے طویل فاصلے تک مؤثر فضائی دفاعی نظام کی تصدیق ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں جدید لوئٹرنگ میونیشن کے ذریعے سطحِ آب کے اہداف کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں نے پاکستان نیوی کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتوں کا واضح ثبوت فراہم کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران بغیر پائلٹ سطحی بحری جہاز (Unmanned Surface Vessel – USV) کے کھلے سمندر میں کامیاب آزمائشی تجربات بھی کیے گئے، جو جدید بحری جنگ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان تجربات میں پلیٹ فارم کی تیز رفتار کارکردگی، پھرتی، درست نیویگیشن اور سخت موسمی حالات میں مؤثر صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یو ایس وی کو کم خطرے اور زیادہ اثر رکھنے والا اسٹیلتھ ٹیکٹیکل انٹرسیپٹر قرار دیا گیا ہے۔ مشق کا مشاہدہ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کیا، جس سے پاکستان نیوی کی جدید نظاموں کے مؤثر استعمال کی صلاحیت اجاگر ہوئی۔
ترجمان کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی قابلیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی ہر صورت میں ملکی بحری دفاع اور قومی سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتی رہے گی۔






