اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

کراچی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آمد، پی ٹی آئی کارکنوں میں بدنظمی اور ہاتھا پائی

کراچی — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ اور شہر کے مختلف راستوں پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، جب کہ ایک مقام پر کارکن آپس میں الجھ پڑے اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

کراچی آمد پر سینئر صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا استقبال کیا۔ سعید غنی نے سندھ کابینہ کی جانب سے مہمان کو خوش آمدید کہا اور انہیں سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔

ایئرپورٹ سے باہر آنے کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کارکنوں کے ہمراہ ریلی کی صورت میں انصاف ہاؤس روانہ ہوئے، جہاں پارٹی قیادت سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ بعد ازاں وہ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس میں شرکت کریں گے اور باغِ جناح کا دورہ بھی کریں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تین روزہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بھرپور تیاری کریں، کیوں کہ 11 جنوری بروز اتوار شام 4 بجے مزار قائد پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا جو کراچی کی تاریخ کا ایک اہم جلسہ ہوگا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی کے وقت وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین اور خیبرپختونخوا سے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین بھی موجود تھے۔

دورہ سندھ کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پارٹی قیادت، وکلا، تاجر تنظیموں، وزیراعلیٰ سندھ اور میڈیا نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر یہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ میں تیزی لانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ آج انصاف ہاؤس میں ملاقاتوں کے بعد کراچی پریس کلب جائیں گے، جب کہ پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

شفیع جان نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ آج ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں اسٹریٹ موومنٹ کی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے اور جیل میں قید کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ بروز ہفتہ وزیراعلیٰ ریلی کی صورت میں حیدرآباد جائیں گے، جہاں حیدرآباد بار اور پریس کلب سے خطاب کریں گے، آئی ایس ایف کنونشن میں شرکت کریں گے اور حیدرآباد و کوٹری میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے۔

اتوار کے روز وزیراعلیٰ آئی ایل ایف، سینئر وکلا اور آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن سے ملاقات کریں گے، کیماڑی اور ضلع غربی میں سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ پیر کے روز سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے بعد وہ پشاور روانہ ہوں گے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button