پی ٹی آئی کا کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی میں شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ کے دورے کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے سندھ کی عوام سے اپیل کی کہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری میں بھرپور ساتھ دیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اتوار کو شام ساڑھے چار بجے کراچی میں مزارِ قائد کے مقام پر جلسہ منعقد کیا جائے گا، جو شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے بتایا کہ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا صوبائی وزیر ناصر شاہ سے رابطہ ہوا ہے، جس کے بعد آج باضابطہ طور پر جلسے کے اجازت نامے کے ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کراچی کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔






