پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، کوئی جانی نقصان نہیں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، سکردو، مری، گلیات اور ایبٹ آباد سمیت گردونواح میں محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ سوات، شانگلہ، بونیر اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 159 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور سنکیانگ کا سرحدی علاقہ بتایا گیا ہے، جہاں زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاہم حکام کے مطابق تاحال زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ریسکیو اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






