بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، مستحق خاندانوں کیلیے اہم اعلان
اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خاندانوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت اہل بینیفیشریز کو مفت موبائل سم فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ ادائیگیوں اور دیگر اہم معلومات سے متعلق 8171 کے پیغامات براہِ راست اور محفوظ طریقے سے موصول ہو سکیں۔
بی آئی ایس پی کے ترجمان کے مطابق سوشل پروٹیکشن والٹ نظام کے تحت رجسٹرڈ مستحق خواتین کو مفت سم کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ادائیگیوں کے نظام کو مزید شفاف، آسان اور محفوظ بنانا ہے۔
مفت سم حاصل کرنے کا طریقہ
بی آئی ایس پی کے مطابق مستحق خواتین اصل قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ہمراہ قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا مقررہ کیمپ سائٹ پر جائیں، جہاں اسکریننگ کاؤنٹر پر اہلیت کی تصدیق کے بعد ٹوکن جاری کیا جائے گا۔ بعد ازاں سم اجرا کاؤنٹر پر بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے کے فوراً بعد سم ایکٹیو کر دی جائے گی۔
اہم ہدایات
بی آئی ایس پی نے ہدایت کی ہے کہ فراہم کی جانے والی سم صرف اپنے استعمال میں رکھی جائے، کسی دوسرے فرد کو نہ دی جائے اور سم ہر وقت آن رکھی جائے تاکہ بی آئی ایس پی کے تمام اہم پیغامات بروقت موصول ہوتے رہیں۔
سوشل پروٹیکشن والٹ کا آغاز
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق سوشل پروٹیکشن والٹ کا آغاز رجسٹرڈ شہریوں کے لیے کیا گیا ہے تاکہ رقم کی ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والٹ فعال کیا جائے گا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ سم حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی فیس ادا نہ کی جائے کیونکہ یہ سہولت مکمل طور پر مفت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل پروٹیکشن والٹ صرف بی آئی ایس پی کی جانب سے بنایا جائے گا، لہٰذا کسی غیر مجاز فرد یا ادارے سے رابطہ نہ کیا جائے۔






