یورپ میں شدید برفباری، نظامِ زندگی مفلوج، 6 افراد ہلاک
یورپ میں شدید برفباری اور سخت سرد موسم کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان دنوں یورپ کے مختلف ممالک میں موسمِ سرما اپنی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور متعدد علاقوں میں شدید برفباری ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید سردی اور برفباری کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ برفباری سے ہونے والے مختلف حادثات میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ سینکڑوں پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فرانس کے دو مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں 5 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ بوسنیا کے دارالحکومت سرائیوو میں بھی ایک خاتون سردی سے جاں بحق ہوگئی۔ اس کے علاوہ یورپ بھر میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر پیرس اور ایمسٹرڈیم کے ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔





