روسی تیل کے معاملے پر تعاون نہ کیا تو بھارت پر ٹیرف بڑھا سکتے ہیں: ٹرمپ نے خبردار کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت روسی تیل کے معاملے پر تعاون نہ کرے تو امریکا بھارت پر ٹیرف میں اضافہ کر سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ واشنگٹن روسی تیل کے حوالے سے نئی دہلی کے مؤقف اور اقدامات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت روسی تیل کے مسئلے پر تعاون نہیں کرتا تو امریکا ٹیرف بڑھانے کا آپشن استعمال کر سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں اور دونوں ممالک معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بات چیت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت روسی تیل کی خریداری بند کر دے گا، تاہم اس حوالے سے بھارتی حکومت کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔






