پاکستان میں رمضان، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخوں سے متعلق پیشگوئی
پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند سے متعلق پیشگوئی سامنے آ گئی ہے۔ رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے رمضان المبارک، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخوں کے بارے میں اہم تفصیلات جاری کی ہیں۔
خالد اعجاز مفتی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے بعد یکم رمضان 19 فروری کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شوال کا چاند 20 مارچ کو نظر آ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں عیدالفطر 21 مارچ کو منائے جانے کا امکان ہے۔
عیدالاضحیٰ کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے خالد اعجاز مفتی کا کہنا تھا کہ یکم ذوالحجہ 17 مئی کو ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ تاریخیں فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیشگوئی ہیں، جبکہ چاند دیکھنے کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔






