بیجنگ: چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر رہا کرے۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر چین کو شدید تشویش ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے بیان میں زور دیا گیا ہے کہ امریکا مادورو اور ان کی اہلیہ کی ذاتی سلامتی کو یقینی بنائے اور انہیں بلا تاخیر رہا کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکا وینزویلا کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششیں بند کرے اور تمام تنازعات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے وینزویلا میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کر دیا۔ چین نے اس امریکی اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
چین کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری کو خودمختار ممالک کے اقتدارِ اعلیٰ اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔





