اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

ملک میں سردی کا راج! کیا مزید بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی رہنے کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے لیے اہم موسمی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ میں کمی اور سفر کے دوران مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

اتوار کے روز کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم متوقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی رہے گی۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں اور ڈی آئی خان میں دھند چھانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں کالام، سوات، دیر، کوہستان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جیکب آباد، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد اور موہنجو داڑو میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھا سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں جہاں برفباری اور دھند کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور حادثات کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button