شادی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق، 5 زخمی
چارسدہ: تحصیل شبقدر کے علاقے خیر آباد مٹہ میں شادی کی تقریب کے دوران ایک مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب شادی کی تقریب جاری تھی اور متعدد مہمان چھت کے نیچے موجود تھے۔ اچانک چھت گرنے سے وہاں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور کم عمر بچے شامل ہیں۔
ریسکیو شبقدر کے ساتھ ساتھ چارسدہ کے اسٹیشن 11 اور اسٹیشن 22 سے امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ٹی ایچ کیو اسپتال شبقدر منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق پشاور اور خیبر سے تھا، جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
زخمیوں میں شامل ہیں:
دولت بی بی زوجہ حکیم (45 سال)
یمنہ دختر فضل داؤد (17 سال)
حسبہ دختر عدنان (6 سال)
آمنہ دختر فضل داؤد (17 سال)
نعیمہ زوجہ شیراز (30 سال)
جاں بحق افراد میں شامل ہیں:
مصفہ دختر شیراز (3 سال)
صائمہ دختر رئیس (12 سال)
نائدہ زوجہ امروز (25 سال)
مریم دختر امروز (5 سال)
زونیشہ دختر امروز (2 سال)
پولیس اور مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے جبکہ اہل خانہ اور مہمان شدید صدمے سے دوچار ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی اور ان کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔





