اہم خبریںتازہ تریندنیا

تابڑ توڑ حملوں کے بعد وینزویلا کے صدر کو گرفتار کرکے بیرون ملک منتقل کردیا؛ ٹرمپ

ٹرمپ کا وینزویلا پر حملوں اور صدر مادورو کی گرفتاری کا دعویٰ، عالمی ردِعمل شدید

واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا ہے، جس کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کی گئی، جبکہ آپریشن کی مزید تفصیلات آج رات ایک پریس کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔

دوسری جانب امریکا کی جانب سے وینزویلا پر مبینہ فضائی حملوں کے بعد عالمی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ کولمبیا اور کیوبا نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کیوبا کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ وینزویلا پر امریکا کی جانب سے کیے گئے مبینہ مجرمانہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور عالمی برادری کو فوری ردِعمل دینا چاہیے۔

روس نے بھی امریکی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا پر کسی بھی قسم کا فوجی حملہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکا نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف ریاستوں میں فضائی حملے کیے، جن میں اہم فوجی تنصیبات اور وزارت دفاع کو نشانہ بنایا گیا۔ کاراکاس میں کم از کم سات زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ شہریوں نے نچلی پرواز کرتے ہوئے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر سی ایچ 47 چینوک کو بھی دیکھا۔

ان واقعات کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے اور ممکنہ جنگ کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، تاہم وینزویلا کی حکومت کی جانب سے تاحال ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button