اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

بھارت خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے کر اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے: پاکستان

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرا بی کا کہنا ہے کہ بھارت خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے کر اپنی ناکامیوں اور خراب ریکارڈ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بارہا دہشتگردی کی حمایت اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث رہا ہے، جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔

طاہر اندرا بی نے کلبھوشن یادیو کے کیس کو ریاستی دہشتگردی کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف منظم اور ریاستی سطح پر سپانسر شدہ کارروائی تھی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سرحد پار قتل و غارت، پراکسی عناصر کے ذریعے تباہی، اور دہشتگرد نیٹ ورکس کی خفیہ سرپرستی انتہائی تشویشناک ہے، جو ہندوتوا کے انتہا پسند نظریے کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ بھارت جموں و کشمیر پر غیر قانونی اور جابرانہ فوجی قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے انڈس واٹرز ٹریٹی (IWT) کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعتماد اور بھاری اخراجات پر مبنی ایک اہم بین الاقوامی معاہدہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے اس معاہدے کی یکطرفہ خلاف ورزی کی تو نہ صرف خطے کے استحکام کو نقصان پہنچے گا بلکہ بھارت کی بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کے احترام پر بھی سوالات اٹھیں گے۔ پاکستان اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button