ویب ڈیسک: امریکا اور یورپ کے مختلف حصوں میں شدید برفباری کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہو گیا، جبکہ سرسبز میدانوں اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔
امریکی ریاستوں کیلی فورنیا اور مشی گن میں موسلادھار برفباری کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں برف میں دب گئیں، جبکہ کئی مقامات پر گاڑیاں سڑکوں پر پھنس کر رہ گئیں۔ شدید موسم کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر فرانس سمیت یورپ کے کئی ممالک میں بھی شدید برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں قدرتی مناظر برف سے ڈھک گئے۔ بیشتر یورپی ممالک میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس کے باعث جھیلیں اور آبشاریں جم گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرد لہر کے باعث آئندہ دنوں میں مزید برفباری اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






