وزیر اعظم نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو بین المذاہب و خلیجی ممالک کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا
اسلام آباد میں جاری بیان کے مطابق، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو اسلامی و خلیجی ممالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
حالیہ عالم اسلام کے حالات اور خلیجی ممالک کی صورتحال کے تناظر میں یہ ذمہ داری نہایت اہم قرار دی گئی ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے بطور نمائندہ خصوصی بھی اس شعبے میں خدمات انجام دی ہیں اور اب ان کا کام تعلقات کی مضبوطی اور بہتری کو مزید آگے بڑھانا ہوگا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے پاکستان میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ کئی عالمی اور اسلامی تنظیموں کے بھی رکن ہیں اور اہم اسلامی و عرب شخصیات کے ساتھ ذاتی و قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔
یہ قدم پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر سلامتی، تعاون اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔






