سال 2025 کے اختتام کے ساتھ ہی دنیا بھر میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا، جہاں خوشیوں، امیدوں اور روشن مستقبل کی تمناؤں کے ساتھ سال 2026 کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں شاندار آتش بازی اور رنگا رنگ تقریبات نے آسمان کو روشنیوں سے سجا دیا، جنہیں عوام کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
سب سے پہلے نیوزی لینڈ نے سال 2026 کا استقبال کیا۔ آکلینڈ کے مشہور اسکائی ٹاور سے ہونے والی شاندار آتش بازی نے آسمان کو رنگوں کی قوسِ قزح میں بدل دیا۔ ہزاروں افراد نے اس دلکش منظر کو اپنی آنکھوں میں بسایا اور ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جس سے یہ تقریب دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں روایتی مگر شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ نئے سال کا آغاز ہوا۔ سڈنی ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس کے اطراف ہزاروں آتش بازی کے فائر کیے گئے، جنہوں نے پورے بندرگاہی علاقے کو جگمگا دیا۔ تقریب میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سال نو کے استقبال سے قبل بونڈائی حملے کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کوپاکابانا بیچ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جہاں ہزاروں افراد نے نئے سال کی آمد کا جشن منایا۔ رنگ برنگی روشنیوں نے آسمان کو سجا دیا اور ہر لمحہ یادگار بن گیا۔
برطانیہ میں سال 2026 کا آغاز بگ بین کی تاریخی گھنٹیوں کی گونج کے ساتھ ہوا۔ دریائے ٹیمز کے اوپر شاندار آتش بازی نے لندن کی فضا کو مسحور کر دیا۔ ہزاروں افراد نے اس منظر کو قریب سے دیکھا اور سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے صارفین کے ساتھ شیئر کیا۔
متحدہ عرب امارات میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر ہونے والا آتش بازی اور لائٹ شو حسبِ روایت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز رہا۔ لاکھوں مقامی اور غیر ملکی سیاح اس شاندار منظر کے مشاہدے کے لیے دبئی پہنچے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی دبئی نئے سال کے جشن میں سب سے نمایاں رہا۔
جنوبی کوریا میں روایتی کانسی کے گھنٹے بجا کر سال نو کا آغاز کیا گیا، چین میں ڈرموں کی تھاپ پر نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا، تائیوان میں تائی پے ٹاور پر شاندار آتش بازی نے سماں باندھ دیا، ہانگ کانگ میں دلکش لائٹ شو سے عمارتیں جگمگا اٹھیں جبکہ بنکاک میں رنگا رنگ آتش بازی کے ساتھ سال نو کا جشن منایا گیا۔
اسی طرح ماسکو کے ریڈ اسکوائر، ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربر، کوالالمپور، تائی پے، اسٹاک ہولم، ایمسٹرڈیم، نیو یارک، برلن، قطر، تھائی لینڈ اور چین کے متعدد شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر آتش بازی کی گئی، جسے عوام کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔
یوں سال 2026 دنیا بھر میں خوشیوں، امنگوں اور روشن مستقبل کی امید کے ساتھ جلوہ گر ہوا۔






