لندن:
برطانیہ کی ملکہ کمیلا نے پہلی بار اپنی زندگی کے ایک تکلیف دہ واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں ایک اجنبی شخص کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ انکشاف انہوں نے بی بی سی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
ملکہ کمیلا کے مطابق نوجوانی کے دنوں میں وہ ایک روز ٹرین میں سفر کر رہی تھیں اور کتاب پڑھ رہی تھیں کہ اسی دوران ٹرین میں موجود ایک اجنبی شخص نے اچانک ان پر حملہ کیا اور انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس نازک لمحے میں انہیں اپنی والدہ کی دی ہوئی نصیحت یاد آئی، جس کے بعد انہوں نے حاضر دماغی اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ ملکہ کمیلا نے جوتا اتار کر حملہ آور پر دے مارا، مزاحمت کی اور موقع ملتے ہی ٹرین سے اتر گئیں۔
ملکہ کمیلا کے مطابق اس وقت ان کی عمر تقریباً 16 یا 17 سال تھی اور یہ واقعہ طویل عرصے تک ان کے لیے شدید ذہنی صدمے کا باعث بنا رہا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی گھریلو تشدد یا ہراسانی جیسے موضوعات پر بات ہوتی ہے تو یہ واقعہ انہیں دوبارہ یاد آ جاتا ہے، جو آج بھی انہیں ذہنی طور پر متاثر کرتا ہے۔
ملکہ کمیلا کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات پر کھل کر بات کرنا ضروری ہے تاکہ متاثرہ افراد کو حوصلہ ملے اور معاشرے میں اس مسئلے کے خلاف شعور اجاگر ہو سکے۔






