مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان، مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد: ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا اور طاقتور سلسلہ آج سے داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
بلوچستان میں الرٹ (آج سے 31 دسمبر)
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے 23 اضلاع کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔ آج سے سال کے آخری دن تک درج ذیل علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے:
شمالی و وسطی بلوچستان: کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، بارکھان، سبی، لورالائی اور موسیٰ خیل۔
ساحلی و جنوبی بیلٹ: کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران۔
خیبر پختونخوا میں موسمی صورتحال (30 دسمبر سے 1 جنوری)
خیبر پختونخوا میں کل سے سالِ نو کے آغاز تک تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے:
متاثرہ اضلاع: چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، صوابی اور کوہاٹ۔
برفباری: بالائی اضلاع میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
شمالی علاقہ جات اور کشمیر (30 دسمبر سے 2 جنوری)
گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی سردی کی شدت میں اضافے اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے:
گلگت بلتستان: دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
کشمیر: وادی کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال یا برفباری کے باعث راستوں کی بندش سے بچا جا سکے۔






