وزیراعلیٰ کے پی کا قافلہ لاہور پہنچ گیا
لاہور:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں قافلہ لاہور پہنچ گیا۔ پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ کی آمد پر چکری ریسٹ ایریا سیل کردیا، تاہم وزیراعلیٰ بیرا ریسٹ ایریا پہنچے جہاں انہوں نے نماز ادا کی اور بعد ازاں لاہور کی جانب روانہ ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دو روزہ دورے پر پشاور سے لاہور روانہ ہوئے تھے۔ روانگی سے قبل انہوں نے دعائے خیر کی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور صوبائی وزیر مینا خان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
چکری ریسٹ ایریا سیل کیے جانے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب حکومت اس قدر خوفزدہ ہے کہ قیام و طعام کے مقامات بھی بند کردیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کا راستہ روکنا دراصل عوام کی آواز دبانے کی کوشش ہے، اقتدار کے زور پر سہولتیں بند کرنا کھلی آمریت کے مترادف ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ پنجاب پولیس نے چکری کے مقام پر وزیراعلیٰ کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی، جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حسن ابدال اور چکری میں کارکنوں کے شاندار استقبال کے بعد پنجاب حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
موٹروے پر بیرا ریسٹ ایریا پہنچنے پر کارکنان اور عوام نے وزیراعلیٰ کا بھرپور استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔ وزیراعلیٰ نے وہیں نماز جمعہ ادا کی جبکہ بڑی تعداد میں عوام ان کے استقبال کے لیے موجود رہی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچ گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں شفیع جان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کر رکھے تھے اور دانستہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کیا جا رہا ہے۔
شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج پنجاب اسمبلی پہنچ کر پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔ وہ لبرٹی چوک، لاہور ہائی کورٹ بار میں وکلاء سے خطاب، پارٹی رہنماؤں اور سینئر صحافیوں سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ اتوار کے روز لاہور سے واپس روانہ ہوں گے۔






