شعبان،رمضان اورشوال کا آغازکب ہوگا؟ماہرین فلکیات نے بتادیا
ویب ڈیسک: ماہِ شعبان، رمضان المبارک اور شوال کے آغاز سے متعلق ماہرینِ فلکیات نے تفصیلی فلکیاتی حسابات جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق تینوں اسلامی مہینوں کی متوقع تاریخیں سامنے آ گئی ہیں، تاہم حتمی اعلان بدستور رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
مصر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار آسٹرونومیکل ریسرچ کی سن ریسرچ لیبارٹری کے مطابق اتوار 29 رجب 1447ھ (رویتِ ہلال کا دن) کو غروبِ آفتاب کے وقت نیا چاند موجود نہیں ہوگا۔ فلکیاتی مشاہدات کے مطابق مکہ مکرمہ میں چاند غروبِ آفتاب سے تقریباً 19 منٹ قبل جبکہ قاہرہ میں 23 منٹ قبل غروب ہو جائے گا۔ مصر کے دیگر صوبوں میں یہ فرق 19 سے 24 منٹ کے درمیان ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دیگر عرب اور اسلامی دارالحکومتوں میں بھی چاند غروبِ آفتاب سے پہلے غروب ہو جائے گا، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ 29 رجب کی شام چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔
ان فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیر 19 جنوری 2026 کو ماہِ رجب کا آخری دن جبکہ منگل 20 جنوری 2026 کو ماہِ شعبان کے آغاز کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ماہِ شعبان 29 دن کا ہوگا۔
فلکیاتی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ بدھ 18 فروری 2026 کو ماہِ شعبان اختتام پذیر ہوگا جبکہ پہلا روزہ جمعرات 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ رمضان المبارک 2026 سردیوں کے اختتام اور بہار کے آغاز میں آئے گا، جس کے باعث روزے کے اوقات نسبتاً معتدل رہیں گے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق پہلے روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 40 منٹ ہوگا، جو بتدریج بڑھتے ہوئے اوسطاً 12 سے 13 گھنٹے تک جا سکتا ہے، تاہم جغرافیائی محلِ وقوع کے باعث مختلف شہروں میں معمولی فرق ممکن ہے۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا، آخری روزہ جمعرات 19 مارچ 2026 کو جبکہ عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو متوقع ہے۔
ماہرینِ فلکیات نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام تاریخیں فلکیاتی حسابات پر مبنی ہیں، حتمی فیصلہ ہمیشہ متعلقہ مذہبی اداروں اور شرعی رویتِ ہلال کے اعلان کے بعد ہی ہوگا۔






