متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ یہ ان کا صدر کے عہدے سنبھالنے کے بعد پہلا سرکاری دورۂ پاکستان ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
دورے کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت علاقائی استحکام جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
معزز مہمان کے استقبال کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شہر کو پاکستان اور یو اے ای کے قومی پرچموں، پھولوں اور رنگ برنگے قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 جنگی طیارے فضائی سلامی پیش کریں گے۔
اہم شاہراہوں، شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس، ایوانِ صدر اور دیگر سرکاری عمارات کو خصوصی طور پر آراستہ کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور شیخ محمد بن زاید النہیان کی تصاویر پر مشتمل بینرز اور استقبالی بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ معزز مہمان کی آمد کے موقع پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ صبح 6 بجے سے رات ساڑھے 12 بجے تک بند رہے گا۔ پاکستان سیکریٹریٹ اور تمام وفاقی اداروں میں آج عام تعطیل ہوگی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں بھی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
تاہم بینکس، میٹرو کارپوریشن سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور گیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔





