یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد: صدر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کو یہ دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔
ترجمان کے مطابق یہ بطور صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا، اور وہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔ وفد میں یو اے ای کے وزرا اور سینئر حکام بھی شامل ہوں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دورے کے دوران صدر شیخ محمد بن زاید النہیان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا اور پاک-یو اے ای تعلقات کی گہرائی اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔






