اہم خبریںتازہ تریندنیا

لیبیا کے آرمی چیف کا طیارہ کیوں تباہ ہوا؟ آخری پیغام سمیت اہم تفصیلات سامنے آگئیں

ترک حکام نے تصدیق کی ہے کہ لیبیا کے آرمی چیف جنرل محمد احمد الحداد کا طیارہ برقی نظام میں خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ حادثے میں جنرل الحداد سمیت دیگر اعلیٰ فوجی اور سرکاری حکام جاں بحق ہو گئے۔

ترکیہ کے صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے بتایا کہ حادثے سے قبل طیارے نے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کو برقی نظام میں خرابی کے باعث ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا تھا اور فوری لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ عملے نے انقرہ کے ایسن بوگا ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم واپسی کے دوران طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

ترک وزیر انصاف یلماز طنج نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انقرہ کے پراسیکیوٹر جنرل آفس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

طیاروں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کے مطابق پرواز نے ابتدا میں بلندی حاصل کی، تاہم اچانک اس کی اونچائی میں تیزی سے کمی واقع ہوئی اور پرواز کے صرف 16 منٹ بعد طیارہ ریڈار سے غائب ہو گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق جس علاقے میں طیارہ لاپتا ہوا وہاں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی، جس کے بعد ریسکیو کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔

دوسری جانب لیبیا کی عبوری حکومت کے سربراہ عبد الحمید الدبیبہ نے جنرل محمد احمد الحداد کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں دیگر اعلیٰ فوجی اور سرکاری حکام بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

حادثے سے متعلق کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، تاہم حکام کے مطابق ان کی تاحال سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی جا سکی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button