حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 858 ارب روپے قرض لے لیا
رواں مالی سال میں جولائی تا نومبر 858 ارب روپے قرض حاصل، حکومتی دستاویزات
حکومت نے رواں مالی سال کے دوران جولائی سے نومبر تک مجموعی طور پر 858 ارب روپے کا قرض حاصل کر لیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے جولائی سے نومبر تک مجموعی طور پر 741 ارب روپے قرض لیا گیا تھا، جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصے میں 117 ارب روپے زائد قرض حاصل کیا گیا۔ صرف نومبر کے مہینے میں حکومت نے 144 ارب روپے کا قرض لیا۔
رپورٹ کے مطابق نومبر میں اکتوبر 2025 کے مقابلے میں 4 کروڑ ڈالر اضافی قرض حاصل کیا گیا۔ نومبر کے دوران 31 کروڑ 45 لاکھ ڈالر باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت حاصل کیے گئے، جبکہ 19 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں 198 ارب روپے، اگست میں 192 ارب روپے، ستمبر میں 124 ارب روپے اور اکتوبر میں 133 ارب روپے کا قرض حاصل کیا گیا تھا۔
اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قرضوں میں یہ اضافہ حکومتی مالی ضروریات کو پورا کرنے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کیا گیا۔






