غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے 179 افغان شہری گرفتار
بلوچستان کے ضلع چاغی میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے والے 179 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انتظامی ذرائع کے مطابق یہ افغان شہری غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور بعد ازاں ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ کارروائیاں غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ضلع چاغی میں نوکنڈی کے قریب پیش آنے والے ایک دلخراش ٹریفک حادثے نے غیر قانونی ہجرت کے المیے کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا تھا۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پک اپ گاڑی تیز رفتاری کے باعث ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں یورپ جانے کے خواب لیے 9 افغان شہریوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی چاغی محمد شریف کلہوڑو کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاں بحق ہونے والے افغان شہری غیر قانونی طور پر ایران کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔





