اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں فائنل میں بھارت کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا اور نقد انعامات کا اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم نے فائنل میں بڑے مارجن سے کامیابی کو ٹیم کی محنت اور لگن کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سمیر منہاس اور علی رضا کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے آئندہ ماہ ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ، ٹیم منیجمنٹ اور سپورٹنگ اسٹاف کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔






