9مئی، جی او آر گیٹ حملہ؛ مقدمے کا فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان
لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت آج سانحہ نو مئی کلب چوک جی او آر کے گیٹ پر حملے کے مقدمے کا فیصلہ سنانے کا امکان ہے۔
عدالت کے جج منظر علی گل فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں دوپہر 2 بجے سنائیں گے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا۔
مقدمے میں 25 ملزمان کے خلاف چالان جمع کروایا گیا تھا جبکہ دورانِ ٹرائل 4 ملزمان اشتہاری ہوگئے۔ مقدمے میں مجموعی طور پر 56 گواہان کی شہادت ریکارڈ کی گئی ہے۔
تھانہ ریس کورس نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملے کا مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے:
سیکیورٹی کیمرے توڑے
پولیس کی وائرلیس اور جی او آر گیٹ کے شیشے توڑے
سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا
پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا
حملے میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی قیادت میں ہجوم شامل تھا۔ کیس کے اہم ملزمان میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔
ملزمان پر نو مئی بغاوت اور فسادات کے لیے کارکنان کو اکسانے کا الزام ہے۔






