اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھارت کی ہٹ دھرمی اور جھوٹ بے نقاب، آپریشن سندور کو غیر قانونی قرار دے دیا

نیویارک/اسلام آباد: اقوامِ متحدہ کے خصوصی ماہرین نے پاک-بھارت کشیدگی اور مئی 2025 میں ہونے والی فوجی کارروائیوں پر ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر سنگین قانونی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ماہرین نے پہلگام حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ پاکستان نے اس حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی اور غیر جانبدار، شفاف اور بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 7 مئی 2025 کو بھارت نے “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کی حدود میں فوجی طاقت استعمال کی، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کو بروقت اطلاع نہیں دی، جو عالمی طریقۂ کار کی خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی حملوں کے دوران شہری علاقے متاثر ہوئے، مساجد کو نقصان پہنچا اور متعدد شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔ ماہرین کے مطابق دہشت گردی کے نام پر یکطرفہ فوجی کارروائی بین الاقوامی قانون میں جائز نہیں ہے۔

خصوصی ماہرین نے کہا کہ بھارت پہلگام حملے میں پاکستان کی ریاستی شمولیت کے کوئی قابلِ اعتبار شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ اگر طاقت کا استعمال غیر قانونی ہو تو یہ بنیادی انسانی حقِ زندگی کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ ایسے اقدامات خطے میں بڑے فوجی تصادم کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔ اگر بھارتی کارروائی کو مسلح حملہ تصور کیا جائے تو بین الاقوامی قانون کے تحت پاکستان کو دفاع کا حق حاصل ہوگا۔ ماہرین نے بھارتی اقدامات کو پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عدم مداخلت کے عالمی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button