امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 900 ارب ڈالر کے دفاعی پالیسی بل پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ بل باضابطہ طور پر قانون بن گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس قانون کی منظوری کے بعد امریکی دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ایسے قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکی فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق یہ دفاعی بل امریکا کے ’’پیس تھرو اسٹرینتھ‘‘ ایجنڈے کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد فوجی طاقت کے ذریعے امن کو یقینی بنانا ہے۔ بل میں جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام ’’گولڈن ڈوم‘‘ کی تیاری اور ترقی کے لیے بھی خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
امریکی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ (NDAA) آئندہ سال کے لیے امریکا کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی ترجیحات کا تعین کرتا ہے۔ اس قانون کے تحت دفاعی تیاریوں کو مضبوط بنانے، فوجی اخراجات میں اضافہ کرنے اور عالمی سطح پر امریکی سکیورٹی پالیسیوں کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔






