بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کیلئے بڑی خوشخبری
کراچی، لاہور اور اسلام آباد: ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے امیگریشن کے عمل کو تیز اور جدید بنانے کے لیے ای گیٹس نصب کرنے کے منصوبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر ای گیٹس کی تنصیب کے لیے جگہ کا حتمی تعین کر لیا گیا ہے، جبکہ لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر بھی تیاریوں کا عمل جاری ہے۔
ای گیٹس کی تنصیب کا مقصد امیگریشن کاؤنٹرز پر رش کم کرنا اور مسافروں کو کم وقت میں سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ جدید ای گیٹس ایف آئی اے کے امیگریشن کاؤنٹرز پر نصب کی جائیں گی، جہاں مسافر خودکار نظام کے ذریعے اپنی شناخت اور سفری دستاویزات کی تصدیق کروا سکیں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے طویل انتظار اور قطاروں کے مسائل میں واضح کمی متوقع ہے۔
یہ منصوبہ ایف آئی اے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور نادرا کے باہمی اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ نادرا کے ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی اس نظام کا اہم حصہ ہوں گے، جس سے سیکیورٹی کے تقاضے بھی بہتر انداز میں پورے کیے جا سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ای گیٹس کو ڈیپارچر اور آرائیول دونوں کاؤنٹرز پر نصب کیا جائے گا تاکہ آنے اور جانے والے مسافروں کو یکساں سہولت میسر ہو۔ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس تک محدود ہوگی، تاہم مستقبل میں دیگر ہوائی اڈوں پر بھی اس نظام کو وسعت دیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای گیٹس کی تنصیب سے نہ صرف مسافروں کا وقت بچے گا بلکہ ملک کے امیگریشن نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں بھی مدد ملے گی۔





