اہم خبریںتازہ تریندنیا

برطانوی پولیس کا فلسطین کے حق میں ‘انتفاضہ’ کے نعرے لگانے والوں کو گرفتار کرنے کا اعلان

لندن: برطانیہ کی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عوامی مقامات پر فلسطین کے حق میں ‘گلوبل انتفاضہ’ کے نعرے لگانے والے افراد کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انتباہ آسٹریلیا کے بانڈی بیچ حملے کے بعد سکیورٹی خدشات کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس لندن اور گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری پلے کارڈز اور ‘گلوبلائز انتفاضہ’ جیسے نعروں کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید سخت اقدامات کریں گے۔
پولیس کے مطابق حالیہ عرصے میں پرتشدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس سے صورتحال کا تناظر تبدیل ہو گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ الفاظ کے معنی اور نتائج ہوتے ہیں، اسی لیے پولیس فیصلہ کن کارروائی کرے گی اور ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
دوسری جانب اس اعلان پر فلسطین کے حق میں مہم چلانے والے بعض افراد نے ردعمل دیتے ہوئے اسے سیاسی قرار دیا ہے۔ فلسطینی حمایتی مہم کے رہنما بن جمال نے کہا کہ یہ فیصلہ احتجاج کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے اور فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والوں کو دبانے کی ایک اور کوشش ہے۔
بن جمال نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے قبل کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی اور عربی لفظ ‘انتفاضہ’ کا مطلب ناانصافی کے خلاف بغاوت یا جدوجہد ہے، نہ کہ تشدد کی ترغیب۔
دوسری طرف انتہاپسند یہودی گروپس نے پولیس کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ برطانیہ میں یہودی رہنما ربی افرائیم مرویس نے اسے نفرت انگیزی کے خلاف ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور ایسے نعروں یا سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو تشدد کو ہوا دینے یا نفرت پھیلانے کا باعث بنیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button