پشاور: یونیورسٹی آف پشاور میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی 22 دسمبر سے 3 جنوری تک بند رہے گی۔ تاہم اس دوران امتحانات اور ٹیسٹس کا شیڈول برقرار رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں 22 دسمبر سے 11 جنوری تک موسمِ سرما کی تعطیلات ہوں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکولز 10 جنوری تک بند رہیں گے، جبکہ 11 جنوری بروز اتوار ہفتہ وار چھٹی ہوگی۔ تعلیمی ادارے 12 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔
بلوچستان میں موسم کی شدت کے پیش نظر مختلف اوقات میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبے کے سرد علاقوں میں اسکولز 16 دسمبر 2025 سے 28 فروری 2026 تک بند رہیں گے، جبکہ گرم علاقوں میں تعلیمی اداروں کو 22 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک تعطیلات دی جائیں گی۔
ادھر سندھ میں کالجوں کے لیے مختصر موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبے بھر کے کالجز 22 دسمبر سے 31 دسمبر 2025 تک بند رہیں گے۔
تعلیمی حکام کے مطابق تعطیلات کا مقصد طلبہ کو سرد موسم میں سہولت فراہم کرنا ہے۔






