پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بلندی، کے ایس ای 100 انڈیکس نئی سطح پر پہنچ گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ کا آغاز 1030 پوائنٹس کے شاندار اضافے کے ساتھ ہوا، جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 71 ہزار 772 پوائنٹس تک جا پہنچا۔ گزشتہ روز بھی انڈیکس میں 997 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 862 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
مارکیٹ میں دن بھر اتار چڑھاؤ کے باوجود مجموعی طور پر 1136 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 71 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا۔
مالی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے یہ سال غیر معمولی رہا ہے، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو خطے کی دیگر اسٹاک مارکیٹوں کے مقابلے میں کہیں بہتر کارکردگی ہے۔






