اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید عمران خان کے خلاف گواہی دیں گے، یہ صرف آغاز ہے: سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ فوجی عدالت سے 14 سال قید بامشقت کی سزا پانے والے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید اب شواہد کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف گواہی دینے جا رہے ہیں، اور یہ سلسلہ یہیں رکے گا نہیں بلکہ یہ “صرف ابتدا” ہے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور دیگر حساس نوعیت کے معاملات میں حقائق سامنے آنے والے ہیں۔ ان کے مطابق فیض حمید، بطور وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے احکامات اور خاص طور پر 9 مئی کے واقعات سے متعلق شواہد اور گواہی دیں گے۔

’ریاست دشمنی پر 14 سال قید یا سزائے موت ہوتی ہے‘

فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ ملک دشمنی، ریاست دشمنی، اداروں سے تصادم اور قومی علامتوں کی توہین جیسے اقدامات کی سزا 14 سال قید یا سزائے موت تک ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے دن سے خبردار کرتے رہے ہیں کہ “اس راستے پر نہ جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہیں”۔

’شکنجہ ابھی رکا نہیں، یہ ابتدا ہے‘

سینیٹر کے مطابق آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کے وہ رہنما بھی سامنے لائے جائیں گے جو 9 مئی کے واقعات میں ملوث رہے اور جو اس وقت پس منظر میں چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی کرسی پر بیٹھ کر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد بھی کٹہرے میں آئیں گے۔

فیض حمید کے کردار سے متعلق الزامات

فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ 2014 کے “منی دھرنے” کے دوران متعلقہ کور کمانڈر فیض حمید تھے اور اندرونی تنصیبات کی معلومات کی فراہمی میں ان کی سہولت کاری شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کے وقت بھی فیض حمید وردی میں موجود تھے۔

’سزا میں کمی نہیں ہوگی، مزید ٹرائل سخت ہوں گے‘

سینیٹر نے کہا کہ فیض حمید کی 14 سال قید کی سزا میں کمی ممکن نہیں تاہم آگے آنے والے ٹرائلز میں وہ اہم شواہد فراہم کریں گے، جن کے بعد بڑے ناموں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوگی۔

’پی ٹی آئی میں مائنس ون مکمل ہوچکا‘

فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اندرونی سطح پر مائنس ون کرچکی ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی “کمزور اور نااہل” ہیں اور پارٹی میں کوئی بھی اب عمران خان کے لیے آواز نہیں اٹھا رہا۔

’سیاسی انجام سخت ہوگا‘

سینیٹر نے کہا کہ اب ریاست کے خلاف سیاست کرنے والوں کو سخت قانونی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ “اب اس میں کوئی حیل و حجت باقی نہیں، نوشتہ دیوار ہے۔”

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button