اہم خبریںدنیا

امریکی ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند خبردار، ٹرمپ نے سخت ترین شرط لگانے کا فیصلہ کرلیا

ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا کا ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے سخت ترین شرائط متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جن کے تحت درخواست دہندگان کی گزشتہ پانچ سال کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی مکمل جانچ کی جائے گی۔

امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) نے اس فیصلے کا نوٹس فیڈرل رجسٹر میں شائع کر دیا ہے، جسے لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پالیسی کے مطابق امریکی سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (USCIS) یہ جائزہ لے گی کہ آیا درخواست گزار نے گزشتہ برسوں میں امریکا مخالف، یہود مخالف یا دہشت گردی سے متعلق مواد شیئر کیا یا اس کی ترویج کی۔

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس نئی پالیسی پر عمل درآمد کب سے شروع ہوگا۔

امریکی عوام سے رائے طلب

حکومت نے امریکی شہریوں کو اس اقدام پر 60 روز کے اندر اپنی رائے دینے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد اس پر حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

درخواست دہندگان سے اضافی معلومات بھی طلب کی جائیں گی

رپورٹس کے مطابق امریکا میں داخلے کے خواہش مند افراد سے اب خاندان کے افراد کے:

ای میل ایڈریس

فون نمبر

اور دیگر ذاتی معلومات بھی طلب کی جائیں گی۔

اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ سیاحوں کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس "پبلک” کرنے کا حکم دے چکا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ پہلے بھی عندیہ دے چکی تھی کہ ویزا اور گرین کارڈ کے امیدواروں کی سوشل میڈیا تاریخ کا جائزہ ضروری ہوگا۔

ماہرین کے خدشات

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے بعد:

طلبہ، سیاح، کاروباری افراد اور وزیٹرز کی امریکا مخالف یا سیاسی نوعیت کی پوسٹس ویزا مسترد ہونے کا سبب بن سکتی ہیں۔

حکام سیاسی یا نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر بھی ویزا منسوخ کر سکتے ہیں، جس سے شفافیت پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔

کئی ممالک کے شہری پہلے ہی متاثر

ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل 19 ممالک کے شہریوں کے لیے امریکا کے دروازے بند کر چکی ہے، اور اب اس پابندی کو 30 ممالک تک بڑھانے پر غور جاری ہے۔
حیران کن طور پر یہ نیا اقدام برطانیہ اور جرمنی جیسے ممالک پر بھی لاگو ہوگا، جنہیں اب تک ویزا سے چھوٹ حاصل تھی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button