ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے ملک بھر میں جمعہ کی نماز کے اوقات میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پورے امارات کی تمام مساجد میں جمعہ کی نماز اور خطبہ ایک ہی وقت پر ادا کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2 جنوری 2026 سے متحدہ عرب امارات میں جمعہ کا خطبہ اور نماز دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر ایک ساتھ شروع ہوں گے، اور اس نئے نظام کا اطلاق تمام امارات میں بیک وقت ہوگا۔
یہ اعلان جنرل اتھارٹی آف اسلامک افیئرز، اوقاف و زکوٰۃ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق نئے اوقات مقرر کرنے کا مقصد پورے ملک میں نماز جمعہ کے وقت کو یکساں اور منظم بنانا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطبہ اور نماز بروقت ادا کرنے کے لیے وقت سے پہلے مساجد کا رخ کریں تاکہ نماز کے نظام میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
نیا نظام 2026 کے آغاز سے باضابطہ طور پر نافذ ہو جائے گا اور ملک کی تمام مساجد میں اس پر یکساں عمل درآمد کیا جائے گا۔






