پیرس: صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال دنیا بھر میں قتل ہونے والے صحافیوں میں سے تقریباً نصف کے قتل کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ تنظیم کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران قتل کیے گئے 67 صحافیوں میں سے 29 کو صرف غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے دوران نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 25 اگست کو خان یونس میں اسرائیلی فوج کے ڈبل ٹریپ حملے کو صحافیوں کے خلاف بدترین اور سب سے بھیانک حملہ قرار دیا گیا ہے، جس میں 5 صحافی ایک ہی واقعے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
آر ایس ایف نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف اسرائیل کی پرتشدد کارروائیاں عالمی قوانین، انسانی حقوق اور جنگی ضابطوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر تقریباً 220 صحافی مارے جا چکے ہیں، جو جدید تاریخ میں میڈیا ورکرز کے لیے سب سے خطرناک اور جان لیوا دور ثابت ہو رہا ہے۔






