ٹوکیو: شمالی جاپان میں 7.5 شدت کے طاقتور زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد زخمی ہو گئے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ہاچینوہے شامل ہے جہاں متعدد عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق ایک روز قبل بھی جاپان کے شمال مشرقی حصے میں 7.6 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کے بعد 10 فٹ تک بلند سونامی لہروں کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ جاپانی موسمیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں زلزلوں کے جھٹکے ساحلی علاقوں میں شدید محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق گزشتہ روز آنے والے زلزلے کا مرکز ساحل سے تقریباً 70 کلومیٹر دور اور 33 میل کی گہرائی میں تھا، جبکہ جھٹکے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 15 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بعد از جھٹکوں (آفٹر شاکس) کے خطرے کے پیش نظر احتیاط برتی جائے۔






