پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان 7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 7 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوووسو بیانتو کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
ان معاہدوں میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک معاہدہ شامل ہے جس کے تحت پاکستانی طلبا کے لیے انڈونیشیا میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے انڈونیشین ایڈ سکالر شپ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کے تحفظ کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس سے دونوں ملکوں کے ثقافتی ورثے کی حفاظت میں مزید مدد ملے گی۔
مزید برآں، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام، حلال تجارت اور سرٹیفکیشن کے فروغ کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
صحت کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، جو کہ عوامی صحت کے معاملات میں مشترکہ کوششوں کا آغاز ہوگا۔
ان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔






