برطانیہ میں بڑے پیمانے پر انگریزی کے امتحان IELTS میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے نتیجے میں فیل ہونے کے باوجود ہزاروں تارکینِ وطن کو ویزے جاری کیے گئے۔
برطانوی اخبار کے مطابق 80 ہزار امیدواروں کو غلط نتائج جاری کیے گئے، جن میں چین، بنگلادیش اور ویت نام سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد مراکز میں دھوکا دہی کے شواہد ملے جبکہ لیک ہونے والے پرچوں کی فروخت کے ذریعے غیر مستحق امیدواروں کو پاس قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی امیدواروں کے ویزے مسترد کرکے برطانیہ نے سال 2023 میں ایک ارب 87 کروڑ روپے سے زائد آمدن حاصل کی۔
ادھر برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ غلط پاسنگ مارکس لے کر ویزہ حاصل کرنے والے افراد کو ملک بدر کیا جائے۔
تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مستقبل میں سخت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔






