اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

طالبان یا تو پاکستان مخالف فتنۂ خوارج کا ساتھ چھوڑیں یا پھر اپنے انجام کے لیے تیار رہیں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر

اسلام آباد: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی خطرات کے تناظر میں پاکستان کی عسکری حکمتِ عملی کو جدید تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز کے جامع اور متحد نظام کے تحت اپ گریڈ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

نئے قائم کیے گئے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے اس ادارے کے قیام کو پاکستان کی دفاعی ساخت میں ایک “تاریخی اور بنیادی تبدیلی” قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ اقدام تینوں سروسز کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور رابطے کو مضبوط کرے گا۔

سروسز کی خودمختاری برقرار رہے گی

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری، تنظیمی ڈھانچے اور انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے آپریشنل تیاریوں میں بہتری کی ذمہ دار رہیں گی۔

بھارت کو سخت پیغام

اپنے خطاب میں بھارت کو خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو ’’کسی خود فریبی‘‘ میں نہیں رہنا چاہیے۔ آرمی چیف کے مطابق اگلی بار پاکستان کا جواب پہلے سے زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔

طالبان رجیم کے لیے دوٹوک پیغام

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان عبوری حکومت کو یہ واضح پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ وہ یا تو پاکستان مخالف عناصر کی حمایت ترک کردیں، یا پھر اپنے انجام کے لیے تیار رہیں۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں طالبان کے پاس ’’کوئی تیسرا راستہ‘‘ موجود نہیں۔

پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر

فیلڈ مارشل نے اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم کسی بھی ریاست یا گروہ کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو للکارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی دفاع کی مضبوطی جانبازوں کی قربانیوں، ایمان اور قوم کے اتحاد سے ممکن ہوئی ہے۔

خطاب کے اختتام پر آرمی چیف نے “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا نعرہ لگایا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button