انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو پاکستان پہنچ گئے
انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر ہورہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر پرابوو سوبیانتو دورے کے دوران:
وزیراعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے،
صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے،
اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات طے ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیات، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی۔
مزید کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جانے کی بھی توقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت ملے گی۔






